کاہنہ، اسلام آباد (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ)سانحہ کاہنہ میں شہید ہونے والے 14کمسن طالبعلموں کے لواحقین سے تعزیت کیلئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی کاہنہ آمد۔ شہید 14کمسن طالبعلموں کے لواحقین سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اس سانحہ کی ذمہ دار حکومت ہے اور مقدمہ غریب ٹیچرز اور اس کے شوہر پر درج کر دیاگیا۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ یہ لاہوراور وزیراعظم کاحلقہ ہے مگرمریضوں کے ہسپتال پہنچنے کیلئے سڑک نہیں۔ لاہور میں 313سکول ایسے ہیں جن کو آﺅٹ سورس کردیا گیا شہباز شریف تین چار مرتبہ یہاں سے جیتے ہیں ایسی سینکڑوں بستیاں ہیں جہاں سہولتیں نہیں ہیں 14 بچے شہید ہوئے ہیں اور6زخمی لیکن ہسپتال میں سہولتیں تھیں اور نہ ہی ریسکیو کو مریض شفٹ کرنے کیلئے راستہ ملا۔انہوں نے کہاکہ آج مریم نواز شریف صاحبہ آئیں اور باہر سڑ ک سے واپس چلی گئیں کسی کے گھر نہیں آئی بلکہ سب کو ایک ہی جگہ بلا لیا یہ بستیاں غریب لوگوں کی ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو خود ریسکیو کیااورجب بچے ہسپتال پہنچے تو وہاں ڈاکٹر موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا یہاں نزدیک کوئی سرکاری سکول نہیں اور نہ ہی بنیادی سہولیات اور پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔اس موقع پرضیاءالدین انصاری، حاجی اعجاز، فیاض رشیداور دیگربھی ہمراہ تھے۔دریں اثناءوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الخدمت فاﺅنڈیشن کے تحت ”بنو قابل“ گریجوایشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ ملک چند خاندانوں کا نہیں عوام کا ہے اور جماعت اسلامی ملک میں نظام کی حقیقی تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ملک کے پاس ایک عظیم انسانی سرمایہ موجود ہے اسلئے پاکستان کے پیچھے رہ جانے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ہر بچے کو مفت اور یکساں معیار کی تعلیم ملنی چاہیے، لیکن پنجاب سمیت ملک بھر میں لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں جب کہ سرکاری تعلیمی نظام کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غریب اور امیر کیلئے الگ الگ تعلیمی نظام قابل قبول نہیں، پاکستان کے مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا جب کہ نوجوان ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہو رہی، حالانکہ اگر حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرے تو وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور قرضوں کے بوجھ میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سانحہ کاہنہ کی ذمہ دار حکومت، ملک صرف چند خاندانوں نہیں عوام کا ہے :نعیم الرحمن



















