بنوں میں 2 دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی،تحصیلدارمحفوظ

بنوں ،پشاور،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بنوں میں 2 دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق بارودی مواد پھٹنے سے 5افراد لقمہ اجل بنے،امدادی کارروائیوں کے دوران دوسرے دھماکے میں2افراد جان سے گئے،مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا،زخمیوں میں کمسن بچے بھی شامل ہیں،دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا،آئی ای ڈی دھماکے میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد کی گاڑی بھی زد میں آئی تاہم خود محفوظ رہے،اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ،وزیراعلیٰ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا اندرونی و بیرونی سرپرست دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں، لاجسٹک و مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں،دہشتگرد پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابیوں و امن کے فروغ کی کوششوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں،ہر صورت شکست دیں گے،بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں،شہدا کی عظیم قربانیاں پوری قوم کی امانت ہیں، خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔